جے پور، 18/جنوری (آئی این اٖیس انڈیا) ریاست بھر میں جاری نائٹ کرفیو کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلی اشوک گہلوت نے رات کے کرفیو کو ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو وزیراعلیٰ رہائش گاہ پر منعقدہ کورونا جائزہ میٹنگ میں رات کا کرفیو ختم کرنے اور دیگر پابندیوں میں مرحلہ واررعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اب محکمہ داخلہ اس سلسلے میں باضابطہ حکم جاری کرے گا، جس کے بعد متعلقہ 13 اضلاع کے کلکٹر کرفیو پر احکامات جاری کریں گے، اس کے ساتھ شام 7 بجے دکانوں پر بندش بھی خودبخود ختم ہوجائے گی۔ مارکیٹ دیر تک کھلی رہے گی۔ اس فیصلے کا تمام تجارتی انجمنوں نے خیرمقدم کیا ہے۔ آل راجستھان شاپرز بزنس فیڈریشن کے جے پور صدر سریش سینی کا کہنا تھا کہ کاروباری صورتحال انتہائی ناقص ہوگئی تھی، اب اس سے کاروبار میں بہتری کی امید ہے۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلی نے لکھا کہ رہائش گاہ پر کووڈ جائزہ میٹنگ میں ریاست میں نائٹ کرفیو ختم کرنے اور مرحلہ وار نرمیاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لیکن اس کے باوجود طبی ہدایات کو اپنانا ضروری ہوگا، ورنہ پھر متاثرہ تعداد میں اضافہ کا امکان ہے،یہ سختی کی بات نہیں ہونی چاہئے۔خیال رہے کہ رات کے کرفیو کے خاتمہ کے فیصلے سے مارکیٹوں کو راحت ملے گی۔ مارکیٹ پہلے کی طرح کھلے رہیں گے۔ مالکان اپنی دکانیں اور ریستوراں شام سات بجے بند کرنے پر مجبور تھے،اب یہ پابندیاں ختم ہوگئی ہیں۔